Latest Urdu Poetry By Jawad Ahmad 2023
زمین کا نہ کسی آسماں کا مسئلہ ہے
یہ اس کا اور مرے درمیاں کا مسئلہ ہے
فلک پرست جنہیں لامکاں کا مسئلہ ہے
میں اک غریب ہوں میرا مکاں کا مسئلہ ہے
جھکانے جکھنے پہ موقوف ہے تمام حیات
کہیں تو سر کا کہیں آستاں کا مسئلہ ہے
تمام عمر یہی سوچتا رہا ہوں میں
مرا جہاں سے کہ مجھ سے جہاں کا مسئلہ ہے
وہ کامیاب ہیں جن کو ہے فکرِ آئیندہ
ہمارے ہاں تو فقط رفتگاں کا مسئلہ ہے
اس اجنبی سے کہو مسئلہ نہ پیدا کرے
جہاں سے آیا ہے اسکا وہاں کا مسئلہ ہے
کوئی نہیں جو مرا حال جا کے اس سے کہے
تعلقات میں اک رازداں کا مسئلہ ہے
مرا تو آج بھی ہے مسئلہ اسی کے ساتھ
مگر نہ جانے یہ اس کا کہاں کا مسئلہ ہے
جو مرحلہ کہہیں سچ بولنے کا آیا بھی
تو کہنے لگتے ہیں یہ تو فلاں کا مسئلہ ہے
اسی کو مارتے ہیں جس کے ہم نگہباں ہوں
ہمیں منافقتِ پاسباں کا مسئلہ ہے
دلیلِ اہلِ سیاست بھی کیا غضب کی ہے
کہ قتلِ عام بھی امن و اماں کا مسئلہ ہے
یہ میر و غالب و اقبال و فیض ہی کو نہ تھا
سخن میں آج بھی زورِ بیاں کا مسئلہ ہے
جاوید احمد
Latest Urdu Poetry By Jawad Ahmad 2023
سیلِ خواب سے نکل آنکھ کے بھنور سے کھیل
خود میں ڈوب کر کبھی دل کے بحر و بر سے کھیل
چاک کے گھمائو سے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پُر کشش ہے تیرا نقش
آب و گل کے رقص میں تو بھی شور و شر سے کھیل
دیکھ ادھ کھلی کلی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور گفتگو نہ کر
بات دل میں رکھ تمام کھیل سب نظر سے کھیل
وہ نہ چل سکا کبھی ۔۔ تو نہ رک سکی کہیں
اے ہوائے بے ثمر پا بہ گِل شجر سے کھیل
گھائو تیز ہو کبھی جب کسی کی بات کا
دل میں بات اتار کر گھائو کے اثر سے کھیل
کھیل کھیل میں یہاں ۔۔۔۔۔۔ ٹوٹتے ہیں روز دل
دل کے کھیل سے نکل انجم و قمر سے کھیل
سنسنی میں ڈال کچھ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور سنسناہٹیں
پہلے اک خبر بنا پھر اُسی خبر سے کھیل
بات اپنے کام کی ہو سکے نہ جب کوئی
پھر گھما کے بات کر اور اگر مگر سے کھیل
دل مین اک سخن بٹھا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔اور اسے گہر بنا
ڈال اُس کے کان میں پھر اُسی گہر سے کھیل
یہ جنوں کا باب ہے تجھ سے کھل سکے گا کیا
ہے یہی ترا نصیب ۔۔ دستک اور در سے کھیل
انتہائے شب سے یہ ۔۔ کہہ گئی دئے کی لو
میرا کھیل ختم ہے اب رخِ سحر سے کھیل
جاوید احمد
Latest Urdu Poetry By Jawad Ahmad 2023
باہر ہے صحرا اک خاک اڑاتا اندر ہے بارش مسلسل
یہ تو رہی ہے ظاہر سے باطن کی ایک سازش مسلسل
دہلیز گھر کی حدِ قفس ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ باہر اجل کا جرس ہے
سانسیں رکی ہیں رہتی ہے پھر بھی جینے کی خواہش مسلسل
کیا دوستی ہے کیا دشمنی ہے محبوب کیا عشق کیا ہے
ناموں میں کیا ہے سب کر رہے ہیں اپنی پرستش مسلسل
کون و مکاں ہو یا خشک و تر ہو کچھ بھی تو دائم نہیں ہے
اس رہگذر کے ہر شور و شر میں رہتی ہے گردش مسلسل
کوئی ارادہ یا کوئی جادہ ۔۔۔۔۔ وحشت ہی پیشِ نظر ہے
ٹھہرا ہوا ہے یہ کارواں اور منزل کی خواہش مسلسل
جاوید احمد
Latest Urdu Poetry By Jawad Ahmad 2023
بس اک نقطے سے تھا ان سارے امکانات کا آغاز
اِسی سے گردشیں نکلیں ۔۔۔۔۔ ہوا دن رات کا آغاز
بہت بے کیف سی اک بے کرانی کا وہ عالم تھا
ہلائے خاک نے لب تو ہوا پھر ۔۔۔۔۔ بات کا آغاز
کسی ترتیب میں آتا گیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ منتشر عالم
زمیں کی قید میں مہتاب کے درجات کا آغاز
کسی آمادگی سے سلسلہ پھر نسل کا نکلا
کسی حسنِ گماں سے تھا یقینِ ذات کا آغاز
یہ ہجر و صل کے سب سلسلے قائم ہیں نسبت سے
نکل آیا کسی انکار سے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اثبات کا آغاز
عطا فطرت کے خشک و تر نے خال و خد کئے ہم کو
پھر اشکوں کی چھما چھم سے ہوا ۔۔۔ برسات کا آغاز
جاوید احمد
Latest Urdu Poetry By Jawad Ahmad 2023
وہ سادہ ہے .سو مجھے تاک ہونا پڑتا ہے
کبھی سبک ......کبھی سفاک ہونا پڑتا ہے
پیام خوشبو کا ... یوں ہی کلی سے آتا نہیں
صبا کے ہاتھوں اسے .. چاک ہونا پڑتا ہے
شجر کے سائے میں .... صیاد ہو مسافر ہو
کہ پنچھیوں کو تو...... چالاک ہونا پڑتا ہے
سخن کی تال میں بہتی ہے ایک رو جس کو
کبھی جنوں ....... کبھی ادراک ہونا پڑتا ہے
اسے بتائو کہ یہ راستے .... چلے ہوئے ہیں
نئی تلاش میں .. ......خاشاک ہونا پڑتا ہے
کسی کی سنتے ہیں کب ...اہلِ دولت و دنیا
صدا کو جانبِ افلاک ..........ہونا پڑتا ہے
یہ آستانہ ء دویش ہے ...... سنبھل کے ذرا
منافقت سے یہاں .......... پاک ہونا پڑتا ہے
جو موسم آئے تو اب بھی کبھی کبھی سرِ شام
غزال نکلیں تو............ بیباک ہونا پڑتا ہے
جاوید احمد
Latest Urdu Poetry By Jawad Ahmad 2023
میں آبجو کے کنارے وہ آبجو میں تھا
کہ اس نظارے کا نشہ مرے لہو میں تھا
قریب تر تھا بدن سے بدن مگر پھر بھی
یہ دل تو آگے سے آگے کی جستجو میں تھا
گذر رہا تھا طلسماتِ خال و خد سے میں
اور اک بہائو کہ دریائے رنگ و بو میں تھا
اک آئنے کی جھلک سے ہوا تھا میں بے خود
یہ کس کا عکس مرے جام اور سبو میں تھا
اُتر رہا تھا رگ و پے میں ان لبوں کا رس
بدن بھی جیسے کسی طشتِ آرزو میں تھا
جاوید احمد
Latest Urdu Poetry By Jawad Ahmad 2023
گہر تھا انتظار کا کہ اشک تھا رکا ہوا
طلسمِ حرفِ مدعا اس آنکھ سے بندھا ہوا
وہ پھول آئنے میں تھا کہ آئنہ تھا پھول میں
کہ رنگ و عکس کا عجیب سلسلہ بنا ہوا
میں عمر بھر پڑا رہا اسی فسونِ حرف میں
جو سنگِ راہِ عشق پر کسی کا تھا لکھا ہوا
نقوشِ پا کا سلسلہ بس ایک حد تلک رہا
پھر ایک خار زار مین وہ راستہ چھپا ہوا
کہیں کہیں تو ایڑیاں رگڑ رہی تھی یہ زمیں
کہ اس کے اندرون میں ہے کوئی دکھ بھرا ہوا
خرد کا بیج اس لئے نہ برگ و بار لا سکا
کہ اس زمینِ دل میں آبِ عشق تھا ملا ہوا
ہر ایک دلکشی کا جو بھرم ہے دوریوں سے ہے
ذرا قریب تر ہوئے تو حسن سب ہوا ہوا
وہ چاند ایسا جلوہ گر رہا کہ رات بزم میں
جو آنکھ تھی ٹھہر گئی جو لب تھا بے نوا ہوا
یہ دل تو تھا ہزار خواہشوں کا اک صنم کدہ
نکل گئیں یہ خواہشیں تو پھر یہ لا الہ ہوا
جاوید احمد
Latest Urdu Poetry By Jawad Ahmad 2023
کردار جو بند ہیں لفظوں میں مشکل سے کہانی کھولتے ہیں
اک عمر جو ان کے ساتھ رہیں تب جا کے معانی کھولتے ہیں
ہر موج یہاں آزادی کی کس خوبی سے زنجیر ہوئی
دریا پر جبر کناروں کا بہتے ہوئے پانی کھولتے ہیں
ہم بے اسباب تو تھے لیکن اک پردہ سفر کا اچھا تھا
اب منزل ہے یا رسوائی ہم بے سامانی کھولتے ہیں
مت دیکھ انہیں اے خود آرا یہ یہ وحشت وحشت آئینے
زنگار بنا دیتے ہیں اسے جس پر حیرانی کھولتے ہیں
کوئی خواب حسیں کوئی رنگ نیا اس شہر میں کیا لائے گی ہوا
یہ اپنے محنت کش بچے کب بابِ جوانی کھولتے ہیں
اس شہر کی پکی سڑکوں سے مرے گائوں کے رستے اچھے ہیں
واں سبزے پر شبنم شیشے اک صبح سہانی کھولتے ہیں
جاوید احمد
Latest Urdu Poetry By Jawad Ahmad 2023
خامشی کو تو میں گفتار نہیں لکھ سکتا
سوگیا جو اُسے بیدار نہیں لکھ سکتا
چپکے چپکے پسِ دیوار میں رو لیتا ہوں
غم کو لیکن سرِ دیوار نہیں لکھ سکتا
روز لکھتا ہو کہ کون آیا گیا دل میں مگر
اب کوئی نام لگا تار نہیں لکھ سکتا
وہ جو دریائے محبت کے کنارے ہے کھڑا
آئے گا موج میں اس بار نہیں لکھ سکتا
حرفِ پر خار سے کب سہل سخن ہوتا ہے
راہِ سنگلاخ کو ہموار نہیں لکھ سکتا
تو نے کب جانے دیا مجھ کو بدن سے آگے
میں تری روح کے اسرار نہیں لکھ سکتا
شہر میں لوگ کہاں تہمتیں کچھ زندہ ہیں
میں انہیں صاحبِ کردار نہیں لکھ سکتا
یہ جو کچھ حاشیہ بردار ہیں تیرے اطراف
میں انہیں مجمعِ ایثار نہیں لکھ سکتا
اب اندھیروں کی اجازت سے جو جلتا ہے چراغ
روشنی کا اسے اوتار نہیں لکھ سکتا
جب نہیں لوگوں میں کچھ طاقت و توفیقِ خرید
میں اسے رونقِ بازار نہیں لکھ سکتا
جاوید احمد
0 Comments